ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اروند کیجریوال کا دعویٰ: ہریانہ میں عام آدمی پارٹی کے بغیر کوئی حکومت نہیں بنے گی

اروند کیجریوال کا دعویٰ: ہریانہ میں عام آدمی پارٹی کے بغیر کوئی حکومت نہیں بنے گی

Sat, 21 Sep 2024 11:20:12    S.O. News Service

نئی دہلی،21/ستمبر (ایس او نیوز /ایجنسی) دہلی کے وزیر اعلیٰ عہدے سے استعفیٰ دینے کے بعد اروند کیجریوال پہلی بار ہریانہ پہنچے اور یمنا نگر میں ایک روڈ شو کا انعقاد کیا۔ اس دوران انہوں نے واضح کیا کہ ہریانہ میں جو بھی حکومت بنے گی، وہ عام آدمی پارٹی کے بغیر نہیں بنے گی۔ قابل ذکر ہے کہ کیجریوال دہلی شراب پالیسی کے معاملے میں جیل میں قید تھے اور ضمانت ملنے کے فوراً بعد انہوں نے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا۔ عآپ کی قانون ساز پارٹی نے اس کے بعد آتشی کو اپنا قائد منتخب کیا، جنہوں نے حکومت سازی کا دعویٰ بھی پیش کر دیا ہے۔ آتشی 21 ستمبر کو وزیر اعلیٰ عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

کیجریوال نے تہاڑ جیل میں گزارے دنوں کا ذکر کرتے ہوئے بی جے پی پر نشانہ سادھا اور کہا، ’’بی جے پی نے مجھے جیل میں ڈال دیا تھا۔ مجھے توڑنے کی بہت کوشش کی۔ طرح طرح کی اذیتیں دیں۔ ان کا مقصد کیجریوال کو جھکانا تھا۔ مگر ان کو یہ نہیں پتہ تھا کہ میں ہریانہ کا ہوں۔ میری رگوں میں ہریانہ کا خون ہے۔ یہ کسی کو توڑ سکتے ہیں، ہریانہ والوں کو نہیں۔ انہوں نے میرے ساتھ جو کیا، ہریانہ کا بچہ بچہ اس کا بدلہ لے گا۔ انہوں نے مجھے جیل بھیجا، ہریانہ کے لوگ اب ان کو باہر کریں گے۔‘‘

بی جے پی پر حملہ بولتے ہوئے اروند کیجریوال نے کہا، ’’جیل میں عام قیدیوں کو ملنے والی سہولیات بھی مجھے نہیں دی گئیں۔ جب میں جیل میں تھا تو انہوں نے ہماری حکومت توڑنے کی بہت کوشش کی۔ مگر، ایک بھی ایم ایل اے نہیں توڑ پائے۔ ایم ایل اے تو چھوڑئیے، ایک کارکن تک نہیں توڑ پائے۔ یہی ہے ایماندار پارٹی۔ پورا ہریانہ تبدیلی چاہ رہا ہے۔ اس بار ہریانہ میں ایماندار پارٹی لوگوں کے درمیان ہے۔

روڈ شو کے دوران کیجریوال نے کہا، ’’ایک طرف آدرش پال (عآپ کے امیدوار) ہیں، جو خوشی اور غم میں آپ کے ساتھ رہتے ہیں اور دوسری طرف، وزیر تعلیم ہیں، جنہوں نے پورے ہریانہ میں برا حال کیا ہوا ہے۔ پچھلے دس سال میں کنور پال نے جگادھری کو سوائے نشے اور بے روزگاری کے کچھ نہیں دیا۔ عآپ کو ایک بار موقع دیں، ہریانہ کو دہلی جیسا نظام تعلیم قائم فراہم کر دیں گے۔‘‘

کیجریوال نے کہا، "میں نے لوگوں سے کہا ہے کہ اگر آپ کو لگتا ہے کہ میں ایماندار ہوں تو مجھے ووٹ دیں۔ میں نے کہا ہے کہ میں جیتوں گا تب ہی وزیر اعلیٰ کی کرسی پر بیٹھوں گا۔ مجھے نہیں لگتا کہ آج تک کسی رہنما نے اتنی ہمت دکھائی ہوگی۔" اس دوران کیجریوال نے بڑا دعویٰ کیا، انہوں نے کہا کہ ہریانہ میں بننے والی حکومت عام آدمی پارٹی کی حمایت کے بغیر نہیں بنے گی۔


Share: